سینیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نشست خالی قرار دے دی

یوسف رضا گیلانی نے آج بطور رکن قومی اسمبلی حلف لیا جس کے بعد اسلام آباد سے ان کی سینیٹ کی نشست خالی ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 فروری 2024 20:35

سینیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نشست خالی قرار دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری2024ء) سینیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نشست خالی قرار دے دی ۔ یوسف رضا گیلانی این اے148سے رکن قومی اسمبلی منتحب ہوچکے ہیں،نوٹیفکیشن کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے آج بطور رکن قومی اسمبلی حلف لیا، جس کے بعد ان کی اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست خالی ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے انچارج سنٹرل الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر جلد از جلد انتخابات کرانے کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا ہے، جس میں ان کی جانب سے ان خالی نشستوں پر جلد از جلد انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں سینیٹر تاج حیدر نے لکھا ہے کہ اس وقت سینیٹ آف پاکستان کی گیارہ نشستیں خالی ہیں، اس لیے سینیٹ نامکمل ہے اور تعداد میں کمی تقریباً 10 فیصد ہے، الیکشن ایکٹ کا سیکشن 127 سینیٹ کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات سے متعلق ہے جب کہ اسی ایکٹ کا سیکشن 107 سینیٹ کے تمام انتخابات کا طریقہ کار بتاتا ہے جس کے تحت انتخابی شیڈول کے ہر مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے ایک دن سے زیادہ کا وقت نہیں دیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ استدعا ہے سینیٹ کی مذکورہ خالی نشستوں پر جلد از جلد انتخابات کرائے جائیں، خالی نشستوں میں سینیٹر یوسف رضا گیلانی، سینیٹر جام مہتاب، سینیٹر نثار کھوڑو، سینیٹر غفور حیدری، سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر صادق سنجرانی، سینیٹر شہزادہ عمر، سینیٹر مرحوم رانا مقبول، سینیٹر شوکت ترین اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی جانب سے چھوڑی جانے والی نشستیں شامل ہیں۔