کمشنر شہید بینظیرآباد کا نوابشاہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، برساتی پانی کے نالہ، ڈرینج ڈسپوزلز کا معائنہ کیا

جمعہ 1 مارچ 2024 18:51

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر شاہ نے نوابشاہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور امکانی طوفانی برساتوں کے حوالے سے برساتی پانی کے نالہ، ڈرینج ڈسپوزلز کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد زاہد حسین رند ،ایکسین ایل بی او ڈی شہاب الدین بھٹی، میئر میونسپل کارپوریشن نوابشاہ قاضی عبدالرشید بھٹی، میونسپل کمشنر نوابشاہ اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر نے شہر سے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے بنائے گئے نالے اور قائدِ عوام یونیورسٹی، مہران کالونی و دیگر ڈرینج ڈسپوزلز کا دورہِ کیا اور موجود مشینری کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈرینج کے نالوں کی صفائی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ڈرینج ڈسپوزلز پر مشینری کی دستیابی اور بجلی کی بندش کے باعث جنریٹر و ڈیزل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے کمشنر کو امکانی بارشوں کے پیش نظر ضلع میں کئے گئے انتظامات کے متعلق آگاہی دی۔