بوم بوم شاہد آفریدی کی 47 ویں سالگرہ ، مبارکباد کے پیغامات

جمعہ 1 مارچ 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بوم بوم آفریدی کی عرفیت سے دنیا میں شہرت حاصل کرکے والے آل رائونڈر شاہد خان آفریدی 47 برس کے ہوگئے جس پر انہیں ساتھی کرکٹرز اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مبارکباد پیش کی ۔ون ڈے کرکٹ میں 18سال تک تیز ترین سنچری کا ریکارڈ رکھنے والے شاہد آفریدی کے مداح اپنے فیورٹ اسٹار کے یوم پیدائش پر مسرور ہیں۔

شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1977کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی علاقہ بعد میں خیبرپختونخوا میں ضم ہوکر ضلع خیبر بن گیا، صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی نے دنیائے کرکٹ میں قدم رکھا اور کیریئر کے شروع میں دنیا بھر میں چھا گئے۔

(جاری ہے)

سابق آل رائونڈر نے 1996ء میں بطور لیگ اسپنر انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اپنے دوسرے ہی میچ میں صرف 37گیندوں پر سری لنکا کے خلاف تیز ترین سنچری بنا کر دنیا کو حیران اور مخالفین کو پریشان کر دیا تھا۔

دنیائے کرکٹ کے مشہور آل رانڈرز میں شمار کیے جانے والے شاہد آفریدی کو ان کے حلقوں میں لالا کہہ کر بھی پکارا جاتا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے کرکٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 398ون ڈے انٹرنیشنل، 27ٹیسٹ اور 99ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ اور لیگ اسپن کی بدولت پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سب سے دنیا میں زیادہ چھکوں اور بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، وہ سری لنکا کے سابق کپتان جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے آل رائونڈر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 6ہزار سے زائد رنز اور 300سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔شاہد آفریدی نے بھارت میں کھیلے گئے 2011ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی اور قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچایا، بوم بوم کی روایتی حریف ٹیم بھارت کے خلاف کئی یادگار آل رائونڈ پرفارمنسز مداح کبھی نہیں بھول پائیں گے۔

بوم بوم آفریدی نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پہلی7 ایڈیشنز میں 4 مختلف ٹیموں کے لیے بطور کھلاڑی اور مینٹور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ایک سروے کے مطابق شاہد آفریدی پاکستان کے سب سے مقبول کھلاڑی ہیں، وہ اپنے کیرئیر کے آغاز سے اب تک اپنی کارکردگی سمیت آن فیلڈ اور آف فیلڈ تنازعات کا بھی شکار رہے۔2010میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاہد آفریدی گیند کو سیب کی طرح چباتے ہوئے نظر آئے، اس سے قبل 2007میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں آٹ ہونے کے بعد ایک شخص کے سر پر بلا بھی دے مارا تھا۔

شاہد آفریدی نے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں نگراں چیف سلیکٹر کے طور پر بھی کام کیا، ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدر پاکستان کی جانب سے 2010میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور 2018میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔بوم بوم آفریدی نے 2014میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا اور اپنے ہی نام سے فانڈیشن قائم کی، جس کے ذریعے وہ ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے مصروف عمل ہیں، وہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے سسر بھی ہیں۔