جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں دو روزہ انٹرنیشنل سیرت کانفرنس

ہفتہ 2 مارچ 2024 12:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ادارہ عربی و علوم اسلامیہ ،سیرت چئیر اور سیرت سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی کی زیر سر پرستی دوروزہ ساتویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس بعنوان " '' غیرمسلموں کا مطالعہ سیرت: مسائل و اثرات''کا انعقاد کیاگیا۔

دو روز تک جاری رہنے والی کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی محققین نے غیر مسلموں کی مطالعہ سیرت پر لکھی جانے والی کتابوں اور ان کے مندرجات پر تجزیہ پیش کیا گیا۔پاکستان بھر سے اساتذہ ،محققین اور سکالرز اس کانفرنس میں شرکت کےلئے شہر اقبال تشریف لائے جبکہ الجزائر،اردن ،سعودی عرب،لبنان،عراق، شام فلسطین مصر اور انگلینڈ سمیت مختلف ممالک سے سکالرز نے آن لائن شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں تحقیقی مقالات کے ساتھ ساتھ طالبات کو سیر ت النبی ﷺسے متعلق کتب سے روشناس کروانے کےلئےچار کتابوں کی تقریب پزیرائی کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس کی غریب السرۃ،ڈاکٹر حفیظ الرحمان کی مطالعہ سیرت کے غیر روایتی مصادر ،ڈاکٹر حافظ محمد نعیم کی ہندو اور سکھ سیرت نگار:تعارف و تجزیہ اور چئیرپرسن ادارہ عربی و علوم اسلامیہ ڈاکٹر سیدہ سعدیہ کی اسفار النبی میں ازواج مطہرات کی شرکت و ثمرات شامل ہیں ۔

کانفرنس کی اختتامی تقریب یونیورسٹی کے منعم الدین آڈیٹوریم میں ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی کا کہنا تھا کہ سیرت کانفرنس کا تسلسل کے ساتھ ہر سال انعقاد یونیورسٹی اور شہر اقبال کے لئے اعزاز ہے ۔انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ادارہ عربی و علوم اسلامیہ اور تما م منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ غیبت اور تہمت سے بچیں ،خیر اور خوشیاں بانٹیں ۔قرآن کو سمجھ کر پڑھیں اور دعا مانگیں کہ اللہ آپ کو اس کے ذریعے ہدایت دے۔تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے منفرد اور وقت کے لحاظ سے بہترین موضوع پر کانفرنس کے انعقا د پر یونیورسٹی انتظامیہ میں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ پہلے بھی اس کانفرنس کےلئے سیالکوٹ آتی تھیں ۔

انہوں نے برصغیر کے ہندو خصوصاً مہاتما گاندھی کارسول کریم ﷺ کی سیرت اور دین اسلام پر بیان پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔مہمان اعزاز ڈائریکٹر میڈیا پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر تنویر قاسم رانا کا کہنا تھا کہ رسول ﷺکا اخلا ق اور سیرت کی وجہ سے آج بھی اسلام دنیا کا سب سے زیادہ پھیلنے والا مذہب ہے ۔پہلے انبیاء کسی خاص خطے کے لئے آتے تھے مگر رسول ﷺ کو پوری انسانیت کےلئے نبی بنا کے بھیجا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کی محبت ہمارے دلوں میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے ۔چئیر پرسن ادارہ عربی و علوم اسلامیہ اور کانفرنس چئیر ڈاکٹر سیدہ سعدیہ نے مہمان خصوصی، مہمان اعزاز ،وائس چانسلر ،تمام محققین ،اساتذہ ،دنیا بھر سے آن لائن شامل ہونے والے سکالرز، طالبات، یونیورسٹی انتظامیہ،میڈیا نمائندگان اور خصوصاً ادارہ کے تمام فیکلٹی ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ ہم سب کو اس کے نبی کی سیرت کے پرچار کےلئے کی جانے والی اس کوشش کو قبول فرمائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیر ت چئیر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم سے پہلی کتا ب کی رونمائی ہوئی ہے جو ان کی زیر نگرانی سیر ت رسول پر ایم فِل کی طالبہ کا مقالہ ہے ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ،مہمان اعزاز اور وائس چانسلر نے مقالے پیش کرنے والے محققین اور کانفرنس انتظامیہ کو سرٹیفکیٹس دئیے۔