آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشترشہر وں میں موسم سرد ،بعض مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش و ژالہ باری کا امکان

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم سرد جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی ،جیل روڈ ،کینال روڈ، فیصل ٹائون، ایبٹ روڈ، قلعہ گجر سنگھ اوردھرم پورہ میں ژالہ باری وبارش ہوئی جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا۔

اسی طرح صوبہ کے دیگر اضلاع سیالکوٹ (شہر 10 اور ایئرپورٹ 08)، گوجرانوالہ 10، گجرات ومنڈی بہائوالدین میں 09، ڈی جی خان و نور پور تھل میں07، کوٹ ادواور نارووال میں 05، حافظ آباد و جوہر آباد 04، لاہور (ایئرپورٹ03 اور سٹی 02)، چکوال 03، جھنگ و ٹوبہ ٹیک سنگھ02، فیصل آباد 12،بھکر، قصور، خانیوال، ملتان ایئرپورٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میںایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 06اور زیادہ سے زیادہ 22سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد رہا۔اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 105رہی جبکہ شہر کے دیگر علاقوں فیز8ڈی ایچ اے 153،فیز8 ایو ی گرین 129،سی ای آر پی آفس134،سید فدا حسین ہائوس 185،ذکی فارمز 164اورپاکستان انجینئرنگ سروسزمیں 153ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔