Live Updates

صدارتی انتخاب میں محمود خان اچکزئی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ، ساجد ترین ایڈووکیٹ

منگل 5 مارچ 2024 22:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2024ء) بلو چستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈو وکیٹ نے کہا ہے کہ پارٹی نے صدارتی انتخاب میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی کی حمایت کر نے کا فیصلہ کیا ہے ، 8فروری کو بلو چستان اسمبلی کی نشستیں اور وزیر اعلیٰ کی سیٹ بو لی لگا کر خریدی گئیں پارٹی اپنی سیاسی جدو جہد ہمیشہ جا ری رکھے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مو سیٰ بلوچ ،ملک نصیر احمد شاہوانی، غلام نبی مری کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ساجد ترین ایڈوو کیٹ نے کہا کہ این اے 261 پر سردار اختر جان مینگل اور پی بی 36 پر میر سعید لانگو کامیاب ہوئے تھے اور فارم 47 ڈکلیئر بھی ہوئے تھے جوہان کے 7 پولنگ اسٹیشنوں کے بیلٹ پیپر اور باکس سرعام اٹھا کر لے گئے عوامی مینڈیٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈال کر ٹھپہ ماری کے ذریعے تین بعد کامیابی کو ہار میں تبدیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انتخابات میں ہو نے والی دھاندلی کے خلاف ٹریبونلز قائم کر دیئے گئے ہیں لیکن اب تک کام شروع نہیں کیا گیا ہے اس حوالے سے الیکشن ٹریبونل اور عدالتوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نتائج کو چیلنج کرنے کے لئے رجوع کیا گیا ہے ۔ لوگوں کا خرید و فروخت کے باعث وجود میں لانے والے پارلیمنٹ اور جعلی نمائندوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ کی بے جا مداخلت نے جمہوری نظام اور الیکشن کو داغدار بنایا ہے۔ بی این پی ایک سیاسی و جمہوری جماعت ہے ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے جو ہمارے موقف اور نظریہ سے قریب ہوگی اس کا ساتھ دیں گے ۔ بلو چستان کے عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے پارٹی قائدین اور رہنمائوں نے قید و بند کی صعوبتیں کاٹی اور شہادتیں دی لیکن اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔

انتخابات سے 6ماہ قبل پارٹی سربراہ پر جنگ مسلط کی گئی اور کوشش کی گئی کہ بی این پی انتخابات میں حصہ نہیں لے اور 8فروری کو بلو چستان اسمبلی کی نشستیں نیلا م کی گئیں ۔2024ء کی الیکشن پاکستان کی بدترین الیکشن تھا جس میں بی این پی نے واضح اکثریت حاصل کی تھی اس کے باوجود ہماری کامیابی کو ہار میں تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بی این پی نے صدارتی انتخاب میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی کی حمایت کر نے کا فیصلہ کیا ہے ، بی این پی محمود خان اچکزئی کی رہائشگا ہ پر چھاپے کو نفرت کی نظر سے دیکھتی ہے اور اسکی شدید الفاظ میں مذمت کر تی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے سیا سی حقوق پر ڈاکہ ڈال کر انکے ساتھ سر اسرزیادتی کی گئی ان سے انتخابی نشان چھینا گیا 8فروری کو عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈ یٹ دیا اس وقت تک مسائل کا حل ممکن نہیں جب تک عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا اور انتخابات میں خرید و فروخت بند نہیں کی جاتی ۔ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر آواز بلند کی ہے اور عوام کے حق پر جو ڈاکہ ڈالا گیا ہے اس پر کسی صورت اپنے موقف سے پیچھے ہیں ہٹیں گے۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات