پنجاب کابینہ کے اراکین کے نام فائنل ، حلف برداری (آج)ہو گی

منگل 5 مارچ 2024 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) پنجاب کابینہ کے اراکین کے نام فائنل کر لئے گئے ، حلف برداری کی تقریب آج ( بدھ ) شام چار بجے گورنر ہائوس میں منعقد ہو گی ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا ء کے ناموں کی منظوری نوازشریف کی جانب سے دی گئی ہے جن میں مریم اورنگزیب ، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید ، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، صہیب بھرت، فیصل ایوب کھوکھر، رانا اسحاق، حیات شیر علی گورچانی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی کابینہ میں مسلم لیگ (ق اور استحکام پاکستان پارٹی کے ممبرز کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔علاوہ ازیں بتایاگیا ہے کہ وفاق کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بھی حتمی منظور ی نواز شریف دیںگے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف اور نوازشریف کی ایک یا دو دن میں ملاقات متوقع ہے، کابینہ کے نام فائنل کرلئے گئے حتمی فیصلہ نوازشریف سے ملاقات میں کیا جائے گا۔کچھ اتحادی جماعتوں کو وزارتیں دینے سے متعلق معاملات بھی زیر غور تھے جن پر حتمی فیصلہ شریف برادران کے درمیان ملاقات میں کیا جائے گا۔