پیپلزپارٹی کی جانب سے گرین سگنل،ن لیگ کا وفاقی کابینہ میں اہم وزارتیں دینے کا فیصلہ

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان کابینہ میں شمولیت معاملے پر مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے رضامندی ظاہرکر دی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 9 مارچ 2024 16:16

پیپلزپارٹی کی جانب سے گرین سگنل،ن لیگ کا وفاقی کابینہ میں اہم وزارتیں ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ2024 ء) پیپلزپارٹی کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ن لیگ کا پیپلزپارٹی کووفاقی کابینہ میںاہم وزارتیں دینے کافیصلہ ،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان کابینہ میںشمولیت کے معاملے پر مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے رضامندی ظاہرکر دی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے مثبت اشارے ملنے کے بعدوفاقی کابینہ میں اہم وزارتیں دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماﺅں کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوئیں ہیںجس میں وفاقی کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت پر کافی غوروخوض کیا گیا اور ن لیگی رہنماﺅں نے پیپلزپارٹی کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے قائل کرنے کی کوششیں کیں اور ان سے درخواست کی کہ ملکی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے تاکہ ملک میں معاشی مسائل اور معیشت کی بہتری کیلئے دونوں جماعتیں مل کر حل نکالیں ۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے آج مسلم لیگ ن کا ایک اہم مشاورتی اجلاس قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سینئر لیگی قیادت شریک تھی۔جس میں وفاقی کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت پر غور وخوص کیاگیا۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کویقینی بنائیں جس کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے پر ان سے دوبارہ درخواست کرونگا۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماءخورشید شاہ نے بھی گزشتہ روزنجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا تھا کہ ضرورت پڑی تو پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بنے گی۔ ہم شہبازشریف کی حکومت کو مکمل سپورٹ کریں گے۔خورشید شاہ کا گفتگو کے دوران یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عوامی مفاد میں فیصلے کئے ہیں ۔