خواتین کے بھرپور کردار کے بغیر ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،سینیٹرمشاہد حسین سید

ہفتہ 9 مارچ 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹرمشاہد حسین سید نے کہا کہ خواتین کے بھرپور کردار کے بغیر ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو وراثت میں حقوق دیئے، قائد اعظم خواتین کے حقوق کے سب سے بڑے داعی تھے، انہوں نے خواتین کو وراثت میں حصہ دینے کا قانون منظور کروایا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ایوارڈز دیئے گئے۔سینیٹرمشاہد حسین سید نے کہا کہ خواتین نے تحریک آزادی پاکستان کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کا ذکر کئے بغیر آزادی کی تاریخ مکمل نہیں ہو سکتی، معیشت کی مکمل بحالی کیلئے خواتین کو کردار دینا ہوگا۔اسلام آباد چیمبر نے خواتین کے دن کے حوالے سے تقریب منعقد کر کے بہترین قدم اٹھایا ہے۔عالمی یوم خواتین پر غزہ اور کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں 30 ہزار اموات ہو چکی ہیں جس میں بڑی تعداد خواتین کی ہے، اس دن پر ہم ان مظلوم خواتین کو یاد کر رہے ہیں۔

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔سیاست سے لے کر بزنس اور دیگر شعبوں میں خواتین آگے آ رہی ہیں۔اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں اپنی خواتین کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا ہو گا۔

ہمیں خواتین کو بزنس رول ماڈل بنانے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد چیمبر نے خواتین کو ہمیشہ لیڈنگ رول دیا۔خواتین کو کاروبار میں آسانیاں دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشمل ہے۔ان کی شمولیت کے بغیر پائیدار معیشت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔والدین کو اپنے بچوں اور بچیوں کو یکساں توجہ دینی چاہیے۔

پاکستان کے دفاع، معیشت ، سائنس، میڈیکل سمیت ہر شعبے میں خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کر سکتی ہیں اور کامیابیاں سمیٹ سکتی ہیں۔کینیا کی ہائی کمشنر میری نیامبیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔خواتین کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے شکر گزار ہیں۔

دنیا کے مختلف ممالک میں تعینات رہی، اسلام آباد میں تعینات سب سے بہترین رہی۔کینیا میں بھی ہر شعبے میں خواتین آگے آ رہی ہیں، ہمیں مل کر ترقی کے خواب کو پورا کرنا ہے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان میںخواتین نے اپنی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی طور بھی مردوں سے کم نہیں ہیں۔ مجھے ظفر سے ظفر بختاوری اور کامیاب انسان بنانے والی میری والدہ ہیں میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی تربیت کی وجہ سے ہوں۔

۔ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، میری کامیابیوں میں سب سے بڑا ہاتھ میری اہلیہ کا ہے۔شادی کے بعد میری کامیابی کا آغاز ہوا، بیٹی کی پیدائش کے بعد کاروبار نے ترقی کی۔ایک عورت کاروبار اور معاملات میں برکت کا باعث ہوتی ہے۔حالیہ انتخابات کے بعد وفاق اور صوبوں میں خواتین کو اہم ترین پوزیشنز ملی ہیں۔ہمیں امید ہے یہ خواتین پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گی اور اپنی صلاحیتوں کا مزید لوہا منوائیں گی۔

تقریب سے خطاب میں معروف سماجی کارکن رابیل پیرزادہ نے کہا کہ میں نے معذوری کے باوجود ہمت نہیں ہاری،مسائل کا سامنا کیا۔میری کامیابیوں میں میرے والدین کا ہاتھ ہے۔میں تمام والدین سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ بچیوں کو مکمل سپورٹ کریں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لیگل سٹڈسیز سائرہ خٹک نے کہا کہ میرے والدین کی 5 بیٹیاں تھیں جس پر لوگ انہیں نا امیدی کی نظروں سے دیکھتے تھے میں نے اپنی محنت کے ذریعے خود کو ثابت کیا ہے اور وہ لوگ جو پہلے مایوسی کی نظروں سے دیکھتے تھے آج فخر کرتے ہیں۔

تقریب سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی اہلیہ ،سیدہ زہرہ بتول مظہر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آرٹس اینڈ میڈیا فائونڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد ، لیاقت علی خان کارپوریٹ افئیرز اینڈ مینجمنٹ ڈائریکٹر لوریئل پاکستان ،ڈاکٹر انیلہ کمال وی سی راولپنڈی ویمن یونیورسٹی،ڈاکٹر عزیرہ رفیق وی سی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔