[صدر آصف علی زرداری کا بلوچستان کی عوام کے ساتھ محبت کے نتیجے میں انہیں بلوچستان سے تمام کاسٹ شدہ ووٹ ملے،سردار سربلند جوگیزئی

ہفتہ 9 مارچ 2024 23:05

/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،سابق جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ،سپورٹس اینڈکلچر ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، شیخ بلال مندوخیل ،ملک ذیشان نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا دوسری مرتبہ بطور صدر مملکت انتخاب جمہوریت کی جیت ہے، صدر آصف علی زرداری کا بلوچستان کی عوام کے ساتھ محبت کے نتیجے میں انہیں بلوچستان سے تمام کاسٹ شدہ ووٹ ملے،پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، فریال تالپور،بختاور،،آصفہ اوردیگرقائدین اورجیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کی رات آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کی خوشی میں پریس کلب کے سامنے مٹھائی تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ربانی خلجی ، حیات خان اچکزئی ،ختر شاہ مندوخیل ،مولوی جمال ،جبار خلجی ، ،امٹھا خان عمرانی ،جہانگیر بلوچ،سمیع بڑیچ اوردیگر رہنما بھی موجود تھے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر علاقائی رقص بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری کا دوسری بار صدر منتخب ہونا ان پر قومی اسمبلی، سینٹ آف پاکستان اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں، آصف علی زرداری کی قیادت میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔انہو ں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر مملکت کے منصب پر فائز ہونے سے ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور ملک جمہوری معاشی ،سیاسی طور پر مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت صدر آصف علی زرداری کے پاس ہی ہے صدر آصف علی زرداری کی کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔