کراچی،صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، پرانا ریکارڈ اور گاڑی جل گئی

آگ پاسپورٹ آفس کے پرانے دفاتر میں لگی، واقع میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائربریگیڈ حکام

اتوار 10 مارچ 2024 16:25

کراچی،صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، پرانا ریکارڈ اور گاڑی جل گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) کراچی کے علاقے صدر میں پاسپورٹ آفس کے پرانے دفاتر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پاسپورٹ آفس کا پرانا ریکارڈ اور ایک گاڑی جل گئی۔کراچی کے علاقے صدر میں واقع پاسپورٹ آفس کے ریکارڈ روم میں اتوارکی صبح سویرے آگ لگ گئی، آتشزدگی کی اطلاع پرفائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز اور اسنارکل بھی طلب کر لی گئی، حکام نے لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں اور ایک اسنارکل سے قابو پالیا۔

(جاری ہے)

فائر بریگیڈ حکام نے بتایاکہ آگ لگنے کے باعث ریکارڈ روم میں موجود تمام ریکارڈ جل گیا ہے جبکہ قریب میں کھڑی ایک پرانی گاڑی بھی جل گئی ہے۔ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس حوالے سے فائر آفیسر ابرار شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ بجھانے میں 5 فائر فائرٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد لی گئی۔فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ کولنگ کا عمل اس وقت جاری ہے کولنگ مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا۔