Live Updates

عمران خان، بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیل، آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب

پیر 11 مارچ 2024 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل پر آئندہ سماعت میں فریقین سے دلائل طلب کرلیے ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکلا عثمان ریاض گل ، شیراز رانجھا اور خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ ہم مدعی خاور مانیکا اور پراسیکیوٹر کا انتظار کرلیتے ہیں جس پر وکیل نے رضامندی ظاہر کی۔بعد ازاں عدالت نے سماعت میں ساڑھے 12 بجے تک کا وقفہ کردیا ہے۔وقفے کے بعد سماعت کے دوباہ آغاز پر خاور مانیکا عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم خاور مانیکا کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا، پراسیکیوٹر حسن رانا بھی عدالت پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

خاور مانیکا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے پاس وقت کم تھا لہذا کوئی وکیل نہیں ملا۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطلی کے لیے متفرق درخواست دائر کردی گئی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیل قابل سماعت قرار دی لہذا عدالت اپیل پر فیصلہ تک بشری بی بی کی سزا معطل کرے، استدعا کی گئی کہ عدالت اپیل پر فیصلے تک بشری بی بی کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متفرق درخواست اور سزا معطلی کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔یاد رہے کہ 29 فروری کو اسلام آباد کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلیں قابل سماعت قرار دے دی تھی۔

وکیل صفائی سلمان اکرم راجا نے کہا تھا کہ معاشرے میں شائستگی قائم رہنی چاہیے، ایسے کیسز نہیں دائر ہونے چاہیے، عدت میں نکاح کیس کے اثرات بیرون ملک تک گئے ہیں، بشریٰ بی بی نے کہا عدت مکمل کرنے کے بعد وہ اپنی والدہ کے گھر چلی گئی تھی، خاورمانیکا نے بھی میڈیا پر بشریٰ بی بی کے دینی خاتون ہونے کا اعتراف کیا ہیانہوں نے بتایا کہ تقریباً 6 سال بعد خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی ، بانی پی ٹی آئی کے خلاف شکائت دائر کی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔یاد رہے کہ 3 فروری کو سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو غیر شرعی نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنادی گئی تھی۔سینئر سول جج قدرت اللہ نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست پر اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد فیصلہ سنا دیا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 5 ،5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات