بارشوں اور برفباری سے رمضان المبارک کا استقبال

بارشوں اوربرفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگیا، موسم کی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 12 مارچ 2024 00:18

بارشوں اور برفباری سے رمضان المبارک کا استقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ2024ء) بارشوں اور برفباری سے رمضان المبارک کا استقبال ، بارشوں اوربرفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگیا، موسم کی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کے آغاز پر بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم بھی ملک میں داخل ہو گیا، یوں برسوں بعد ملک میں سرد موسم میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل منگل کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد رہے گا، رات سےبلوچستان ،بالائی سندھ،اسلام آباد، وسطی /جنوبی پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کےراستے بارشوں اوربرفباری کانیا سسٹم ملک میں داخل ہوا ہے جو ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا باعث بنے گا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ شمالی علاقوں میں سردرہا، تاہم بلوچستان، بالائی سندھ ،جھنگ،لاہور اور بگروٹ میں چند مقا مات پر بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں دالبندین 18، کوئٹہ (سمنگلی 13، شہر 11) ،قلات 06، پنجاب میں جھنگ،لاہور (ایئر پورٹ) 01، گلگت بلتستان میں بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ ، کالام منفی 04، استور منفی02، سکردو اور ہنزہ میں منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔ ’اس کے بعد 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اورپھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس روز یہ نظر نہیں آئے گا ، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔