ایشیائی ترقیاتی بنک کے مشن کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات، واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ بارے تبادلہ خیال

منگل 12 مارچ 2024 16:26

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) ایشیائی ترقیاتی بنک کے 13رکنی مشن نے چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ر)سے ملاقات کی۔واپڈاسے جاری اعلامیے کے مطابق مشن کی سربراہی پرا گریس ریویو مشن کے کنٹری ڈائریکٹریونگ یی کر رہے تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کا جائزہ مشن پاکستان کے دورے پر ہے اور یہ ان کی چیئرمین واپڈا سے پانی اور پن بجلی کے شعبوں سے متعلق(ریپ اپ)جائزہ ملاقات تھی۔

ملاقات کے د وران واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان منصوبوں میں نولانگ ڈیم، کرم تنگی ڈیم کا دوسرا مرحلہ اور پٹن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔واپڈا کے ممبر فنانس، ممبر واٹر، جنرل منیجر(کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ)، جنرل منیجر(ہائیڈرو)پلاننگ، جنرل منیجر (پراجیکٹس)ساتھ اور جنرل منیجر(پراجیکٹس)نارتھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران مشن کو واپڈا کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بارے آگاہ کیا گیا۔ مشن کو بتایا گیاکہ واپڈا ملک میں واٹر، فوڈاور انرجی کے وسائل کو فروغ دینے کیلئے وسط اور طویل مدتی حکمت عملی پر گامزن ہے، تاکہ پاکستان میں پائیدار ترقی کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے۔مشن کو بتایا گیا کہ واپڈا کی تعمیراتی سرگرمیاں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں۔

بریفنگ کے دوران مشن کو نولانگ ڈیم، کرم تنگی ڈیم کے دوسرے مرحلے اور پٹن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت کیلئے مشن کو مہمند ڈیم، دیا مر بھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور عطا آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تفصیلات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے مشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا منصوبوں کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک کی معاونت کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بنک واپڈا کے دیگر جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھی فنانسنگ فراہم کرے گا۔