وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پورکی ملاقات

بدھ 13 مارچ 2024 23:20

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی ملاقات ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں ؛ چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔وزیر اعظم اور علی امین گنڈاپور کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہئ خیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا ملک کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو گی ۔وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔