وفاقی وزیرخواجہ محمد آصف کی زیر صدارت اجلاس،قومی ایوی ایشن پالیسی 2023، انڈسٹری کو درپیش چیلنجز ، اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی خدمات کے معاہدوں پر بریفنگ

جمعرات 14 مارچ 2024 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) وفاقی وزیر برائے دفاع، دفاعی پیداوار و ہوابازی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کو ملک کے جی ڈی پی میں حصہ بڑھانے کے حوالے سے ترقی دینے کے لئے پر عزم ہیں، پی آئی اے سی ایل کی نجکاری اس حکومت کی ترجیح ہوگی، روزویلٹ ہوٹل کے مکس یوز ری ڈیولپمنٹ کے لیے مشترکہ منصوبہ قابل تعریف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی زیر صدارت اجلا س کے دوران کیا۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے قومی ایوی ایشن پالیسی 2023، انڈسٹری کو درپیش چیلنجز ، نشوونما کے مواقع اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی خدمات کے معاہدوں پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو وزارت کے تحت کام کرنے والے اداروں بشمول پاکستان ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن، ایئر پورٹ سیکیورٹی فورسز اور محکمہ موسمیات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ریمارکس دیئے کہ پی آئی اے سی ایل کی نجکاری اس حکومت کی ترجیح ہوگی۔ انہوں نے روزویلٹ ہوٹل کے مکس یوز ری ڈیولپمنٹ کے لیے مشترکہ منصوبے کی بھی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کو ملک کے جی ڈی پی میں حصہ بڑھانے کے حوالے سے ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے وزیر کو پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سمیت تین بڑے ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا۔

میٹنگ میں وفاقی سیکرٹری سیف انجم، چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے سی ایل ائیر مارشل عامر حیات، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضی، ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل آصف عدنان جاہ، چیرمین پی آئی اے آئی ایل شوکت علی، ڈی جی پی ایم ڈی صاحب زاد خان اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔