چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن کی صدارت میں ٹاؤن کونسل کا اجلاس ،پانچ قرار دادیں متفقہ طور پر منظور

بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، عوام کے مسائل کے حل کیلئے سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد

جمعرات 14 مارچ 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی صدارت میں ٹاؤن کونسل کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر پانچ قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اراکین کونسل کو بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو بلدیاتی سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے جہاں دیگر اداروں سے رابطے کی ضرورت ہوگی ان سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کی سہولت کیلئے ایپ متعارف کروادی گئی جس کو ہرایک تک پہنچانے کیلئے اراکین کونسل سمیت دیگر بلدیاتی نمائندگان اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایپ سے گلشن اقبال ٹاؤن کے مکین بھرپور طریقے سے استفادہ حاصل کرسکیں،اجلاس میں مجموعی طور پر 5 قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں جس میں یوم خواتین کے توسط سے خواتین کے استحصال بالخصوص غزہ، کشمیر و دیگر جگہوں پر مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چارجڈ پارکنگ فیس عائد کرنے اور مختلف مقامات کو چارجڈ پارکنگ کے حوالے سے نیلام کرنے کے منظوری دی گئی جس میں سے بائک، گاڑی اور ہیوی وہیکل کی 20, 50 اور روپے چارجڈ پارکنگ فیس متعین کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ ماہانہ کی بنیادوں پر پارکنگ ایریا مختص کرنے کی قرارداد کو بھی منظور کرلیا گیا ہے علاوہ ازیں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کے ڈے اے و دیگر بازاروں میں خواتین اور بچوں کے لئیے پبلک ٹوائلٹ رکھوانے کے حوالیسے قرارداد کو بھی متفقہ طور پرمنظور کیا گیا۔

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں قربانی اور ایثار کا درس دیتا ہے، مہنگائی کے اس دور میں سفید پوش لوگوں کا گزارا مشکل ہورہا ہے ایسے میں اشیائے خوردونوش کو سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو اس جانب توجہ دینے کی اور مناسب نرخوں پر سامان فروخت کرنے کے حوالے سے قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گء بعد از اں رمضان المبارک میں کونسل کے اراکین کونسل گلشن اقبال ٹاؤن اور اسٹاف کیلئے افطار پارٹی کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی،اجلاس میں وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی ودیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔