چوہدری عدنان قتل کیس کی تفتیش کا رخ موڑا جا رہا ہے، چوہدری تنویر

چوہدری عدنان قتل کیس کے سلسلے میں آئی جی پنجاب کو شفاف تحقیقات اور جے آئی ٹی کیلئے خط بھی لکھیں گے،لیگی رہنماکی پریس کانفرنس پستول چوہدری تنویر کے گھر سے برآمد کرنا تفتیش کا رخ موڑنے کے مترادف ہے، کیس میں جتنا جھوٹ بولا جا رہا ہے اتنا ہی یہ کمزور ہوتا جا رہا ہے،حنیف عباسی

جمعرات 14 مارچ 2024 22:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق سینیٹر چوہدری تنویر نے کہاہے کہ ہمارے خاندان کے ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی، ہمیں ہی قتل میں ملوث کرنے اور کیس کی تفتیش کو جان بوجھ کر تبدیل کیا جا رہا ہے، ایک پولیس افسر کے نام کا جلد ثبوتوں کے ساتھ انکشاف کروں گا۔حنیف عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری تنویرنے کہاکہ چوہدری عدنان قتل کیس کے سلسلے میں آئی جی پنجاب کو شفاف تحقیقات اور جے آئی ٹی کیلئے خط بھی لکھیں گے۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے خاندان کے ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، چوہدری عدنان جس کو شہید کیا گیا ان کی والدہ میری بھانجی ہے، 1ماہ گزر گیا ہماری خاموشی پر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چوہدری عدنان قتل کیس کی تفتیش کا رخ موڑا جا رہا ہے، دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا تفتیش چھپائی جا رہی ہے، تفتیش کا رخ موڑ کر تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ہمارا خاندان اس قتل میں ملوث ہے۔

چوہدری تنویر نے کہا کہ پولیس کا ایک اعلیٰ افسر چوہدری عدنان قتل کیس کا رخ موڑنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم آنے والے وقت میں ثبوتوں کے ساتھ میڈیا کو اس قتل سے متعلق آگاہ کریں گے، ہم چاہتے ہیں چوہدری عدنان قتل کیس کی جے آئی ٹی یا جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے اس موقع پر کہاکہ چوہدری عدنان قتل کیس میں عجلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، فوری طور پر ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا،پستول چوہدری تنویر کے گھر سے برآمد کرنا تفتیش کا رخ موڑنے کے مترادف ہے، اس کیس میں جتنا جھوٹ بولا جا رہا ہے اتنا ہی یہ کیس کمزور ہوتا جا رہا ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے اس کیس کی جے آئی ٹی بنے اور صاف و شفاف انکوائری ہو۔