Live Updates

جلا ئوگھیرائو کیس میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی

جمعہ 15 مارچ 2024 14:43

جلا ئوگھیرائو کیس میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کردی ہے۔جمعہ کو عمر ایوب خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے تاہم فاضل عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث ان کے مقدمے پر کوئی کارروائی نہ ہوسکی اور کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

عمر ایوب کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔یاد رہے کہ 12 مارچ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جلائو گھیرائو، توڑ پھوڑ اور حساس مقامات پر حملوں کے مقدمات میں نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی تھی۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت نے 25 مارچ کو مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا تھا۔قبل ازیں 17 فروری 2024 کو پشاور ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے ان کے خلاف ملک بھر میں درج 2 درجن کیسز میں عمر ایوب کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن)کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہائوس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلا گھیرا میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات