ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ شہر کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے،سعیدغنی

کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کو اپنے مقررہ وقت پر مکمل کرکے ہی ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرسکیں گے،وزیربلدیات سندھ

جمعہ 15 مارچ 2024 16:28

ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ شہر کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم سب کی بھرپور کوشش ہونی چاہیئے کہ شہر کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ جب سے کراچی شہر کے عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھروسہ کرکے یہاں پیپلز پارٹی کے میئر، ڈپٹی میئراور چیئرمینز کو کامیاب کروایا ہے، شہر میں ترقی اور تعمیر کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں میئر کراچی مرتضی وہاب، صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ ارکان سندھ اسمبلی فاروق اعوان، سہراب سرکی، سابق ایم پی اے لال چند اکرانی، ٹائون چیئرمین کورنگی نعیم شیخ اور دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

میئر کراچی مرتضی وہاب سے ملاقات میں شہر کے بلدیاتی مسائل، جاری ترقیاتی کاموں، پانی اور سیوریج کے مسائل اور ان کے حل کے لئے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ شہر کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کو اپنے مقررہ وقت پر مکمل کرکے ہی ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے کراچی شہر کے عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھروسہ کرکے یہاں پیپلز پارٹی کے میئر، ڈپٹی میئراور چیئرمینزکو کامیاب کروایا ہے، شہر میں ترقی اور تعمیر کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

اس موقع پر مرتضی وہاب نے کہا کہ اس وقت شہر کراچی میں بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں اور انشا اللہ عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔ قبل ازیں ارکان سندھ اسمبلی اور ٹائون چیئرمین نعیم شیخ سے ملاقات میں صوبائی وزیر سعید غنی نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات اور پارٹی کے منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہم سب کو اس شہر اور صوبے کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو پورے صوبے میں ناقابل شکست کامیابی سے ہمکنار کرکے ہم پر جو ذمہ داریاں ڈالی ہیں انشا اللہ اسے ہم ہر ممکن طریقے سے پورا کریں گے۔