آغا خان یونیورسٹی کا 3.3 میگاواٹ سولر فوٹو وولٹک تنصیب کا آغاز

جمعہ 15 مارچ 2024 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک(اے کے ڈی این ) کے 2030 تک نیٹ صفر کے عزم کے حوالے سے آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو ) نے اپنا ابھی تک کا سب سے بڑا سولر فوٹوولٹک (PV)پروجیکٹ لگا نے کا آغاز کردیا ہے۔ اس منصوبے کو شروع کرنے کے لیے ایکسائڈپاکستان لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی۔

معاہدے کے مطابق ایکسائڈپاکستان لمیٹڈ آغا خان یونیورسٹی اسٹیڈیم روڈ کیمپس، کراچی، پاکستان میں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔قابل تجدید توانائی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور صاف توانائی کے نظام میں منتقلی کے سب سے مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان میں شمسی توانائی بہت زیادہ ہے جو ملک میں توانائی کی پیداوار کے لیے سولر پی وی کو مثالی مدد فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

2022 میں آغا خان یونیورسٹی (AKU) نے اپنے کیمپس کی تین چھتوں پر 550 کلو واٹ سولر پی وی نصب کر چکا ہے جس کے نتیجے میں انتہائی سازگار منافع ہوا۔ آج شروع ہونے والے پراجیکٹ میں، 3.3 میگا واٹ سولر پی وی باقی چھتوں کے ساتھ ساتھ کیمپس کے تین بڑے پارکنگ ایریاز پر نصب کئے جائیں گے جنکا مقصد بجلی فراہمی کے ساتھ ساتھ نیچے موجود گاڑیوں کو سایہ فراہم کرنا بھی ہو گا۔

نئے پینلز کی تنصیب مرحلہ وار ہو گی جس کی تکمیل اپریل 2025 تک ممکن ہے۔ صدر آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے کاربن سے چھٹکارا حاصل کرنے کے منصوبے کو نافذ کرنے کے لیے ایک بڑا قدم ہے جس کا آغاز ہم نے 2022 میں کیا۔ یہ منصوبہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور آغا خان یونیورسٹی کے ماحول، پائیداری اور قابل تجدید توانائی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے مضبوط عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔

آغا خان یونیورسٹی کے 2030 تک نیٹ صفر ہدف میں قابل تجدید توانائی اور دیگر حکمت عملیوں کا استعمال کرتے ہوئے مطلق اخراج کو کم کرنا شامل ہے۔ قابل تجدید توانائی کو توانائی کی کارکردگی میں اضافے کے ساتھ مل کر چلنا چاہئے، جیسے بہتر عمارتیں، موثر آلات، اور طرز عمل میں تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔ آغا خان یونیورسٹی (AKU) اخراج میں کمی کے ان تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یونیورسٹی کے ڈیکاربونائزیشن پلان کے ساتھ موافقت کرتے ہوئے اپنے اخراج کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے۔

الطاف ہاشوانی، ڈائریکٹر،ایکسائڈپاکستان لمیٹڈ نے اس موقع پر کہا کہ”صاف اور مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے آغا خان یونیورسٹی (AKU)اور ایکسائڈپاکستان لمیٹڈکے درمیان شراکت داری قابل تعریف ہے۔ یہ نہ صرف آغا خان یونیورسٹی (AKU)کو فائدہ پہنچاتا ہے بلکہ یہ دیگر ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کے لیے قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک روشن مثال بھی قائم کرتا ہے۔

لگن اور تعاون کے ذریعے اس طرح کے اقدامات مختلف صنعتوں میں پائیداری کی کوششوں پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ یہاں پراجیکٹ کے کامیاب نفاذ آغا خان یونیورسٹی (AKU)کو کاربن سے پاک صحت کی دیکھ بھال میں ایک رول ماڈل بنائے گا۔شمسی منصوبہ کے الیکٹرک پاور گرڈ پر بوجھ کم کرے گا اور مقامی ہوا کے معیار کو بہتر بنائے گا۔ سولر پی وی نہ صرف کاربن سے پاک بجلی فراہم کرتا ہے بلکہ بجلی کی قیمت کو بھی نمایاں طور پر کم کرتا ہے، فوسل فیول سے آزادی فراہم کرتا ہے، اور شور اور فضائی آلودگی کو کم کرتا ہے۔

اس منصوبے سے ہر سال 1900 ٹن CO2e، یا کار میں 800,000 لیٹر پٹرول جلانے سے پیدا ہونے والے مساوی اخراج کی بچت متوقع ہے۔ یہ کوشش ماحولیاتی ذمہ داری کے لئے آغا خان یونیورسٹی (AKU)کے عزم کو واضح کرتی ہے اور اسے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ عالمی سطح پر موسمیاتی مسائلمیں ایک رہنما کی حیثیت دیتی ہے۔