مظلوم عوامی تحریک کے چیئرمین صادق خان ادوزئی کا پارٹی کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اعلان

جمعہ 15 مارچ 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) مظلوم عوامی تحریک کے چیئرمین صادق خان ادوزئی نے پارٹی کی مرکزی کابینہ کو تحلیل کر کے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جماعت کا مقصد مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز بننا اور نوجوان نسل کو آگے لانا ہے۔ تعلیم ،صحت اور معیشت کی بہتری ہمارے منشور کی اولین ترجیح ہے،عید کے بعد پورے پاکستان میں پارٹی کی تنظیم سازی شروع کر ینگے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے  پارٹی کے دیگر راہنماؤں، اسد اللہ حقانی، حاجی لالی شاہ، ویمن ونگ کی صدر میڈم شبانہ کے ہمراہ جمعہ کو یہاں  نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صادق خان ادوزئی نے کہا  کہ مظلوم عوامی تحریک ایک عوامی فلاحی پارلیمانی تحریک ہے جو کہ پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کا حل پارلیمانی سیاست کے ذریعہ حل کرنے کو ترجیح سمجھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں مظلوم عوامی تحریک میں بنیادی لفظ مظلوم کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ لفظ "مظلوم" موجودہ معاشی حالات میں پاکستان میں اس اکثریتی آبادی پر لاگو ہوتا ہے جو مہنگائی سے متاثر ہیں ۔ان کی ترجمانی مظلوم عوامی تحریک اپنا فرض سمجھتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حالیہ انتخابات میں پہلی بار مظلوم عوامی تحریک نے مٹکے کے نشان پر حصہ لیا اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں  50 سے زائد امیدوار کھڑے ہوئے ۔

جن میں اکثریتی امیدواروں نے ہزاروں کی تعداد میں ووٹ حاصل کئے۔ انھوں نے کہا کہ  مجموعی طور پر مظلوم عوامی تحریک جو کہ پاکستان کے عوام میں ایک نا آشنا تحریک تھی ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے  اور پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں اپنا مقام روشناس کروایا۔ انھوں نے کہا کہ  آئندہ کی پارلیمانی سیاست اور تحریک کو مزید منظم اور فعال کرنے کے لئے مظلوم عوامی تحریک کی مرکزی کابینہ کو تحلیل کر کے مرکزی آرگنائیز نگ کمیٹی کا قائم کر رہے ہیں جو پارٹی  کی ممبر سازی اور تمام صوبوں میں تنظیم کو منظم کرنےکی ذمہ دار ہوگی۔

پارٹی کی تنظیم سازی عید کے بعد پورے ملک میں مرکزی ،صوبائی ضلعی،تحصیل اور یونین کونسل سطح پر شروع کی جائیگی تمام پاکستانیوں کو اس تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔