سید مصطفیٰ کمال کی اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ سے ملاقات، نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال

جمعہ 15 مارچ 2024 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے فلاحی ادارے اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کی، ملاقات میں اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے کراچی اور حیدرآباد میں غربت کے خاتمے ، نوجوانوں کو باعزت روزگار اور تعلیم مکمل کرنے کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے منصوبے پر لائحہ عمل طے کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سیّد مصطفٰی کمال نے کہا کہ کراچی و حیدر آباد کے نوجوان قابلیت میں دُنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں، پاکستان کی خوش قسمتی ہے کے یہاں کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید دُنیا سے ہم آہنگ کرنے اور باقی ممالک سے ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں مقابلہ کرنے کے لئے تعلیمی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مواقع مہیّا کر کے دینے ہوں گے ۔ بعد ازاں ڈاکٹر امجد ثاقب کی جانب سے سید مصطفیٰ کمال کو اس منصوبے پر جلد از جلد پیشرفت کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔