9 مئی مقدمات:بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

ہفتہ 16 مارچ 2024 20:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2024ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہنوں اور اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی ۔ انسداد دہشت گری عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں عظمی خان اور علیمہ خان پیش ہوئیں ۔عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانتوں میں 20 اپریل تک توسیع کر تے ہوئے اگلی سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا ۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سارا فوکس بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر ہے۔امید ہے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق انصاف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کا جیل میں القادر کیس تھا، وہ بھی ہم اٹینڈ نہیں کر سکے، ہم جس کیس میں آئے ہیں اس میں جج ہی موجود نہیں۔

(جاری ہے)

علیمہ خان نے کہا کہ اس کیس میں تفتیشی افسر ابھی تک تفتیش نہیں کر پائے، یہ بوگس کیسز ہیں جو ہائی کورٹ میں چل رہے ہیں۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سابق رہنما اسد عمر کے خلاف تھانہ شادمان جلائو گھیرائو سمیت 9 مئی کے پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی، اسد عمر عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں 20اپریل تک توسیع کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔یاد رہے کہ اسد عمر کے خلاف تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ 7مارچ کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی کو تھانہ شادمان جلائو گھیرائو کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر اسد عمرکی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کر دی تھی۔