عوام میں جنگلات کی اہمیت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے احساس کو اجاگر کیا جائے،گورنربلوچستان

اتوار 17 مارچ 2024 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ جنگلات اور جنگلی حیات دونوں ہمارے قومی اثاثے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ عوام میں جنگلات کی اہمیت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے احساس کو اجاگر کیا جائے، بارکھان کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں کے اہلکار اور رضاکاران خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے اور دیگر قدرتی آفات جیسے زلزلہ، سیلاب، طوفان یا وبا سے نمٹنے کیلئے طویل المدت منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ جنگلات میں آتشزدگی کے واقعہ کو محض آتشزدگی یا قدرتی آفت کہہ کر جان نہیں چھڑائی جا سکتی،حقیقت یہ ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں اس قسم کے حادثوں اور آفتوں کی پیشگی اطلاع دی جا سکتی ہے، ممکنہ مالی و جانی نقصانات سے بچنا بھی ممکن ہے اور آتشزدگی جیسے واقعات سے تحفظ کا دیرپا انتظام بھی کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ عوامی سطح پر بھرپور شعور و آگہی کی مہم وقتاً فوقتاً چلانے کیلئے ذرائع ابلاغ سے مدد لی جا سکتی ہے،ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کےلئے تدابیر کو نصاب کا لازمی حصہ بنا کر ہی مثبت نتائج برآمد کئےجا سکتے ہیں۔