شیری رحمن کی غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

غزہ میں ایک بار پھر الشفا اسپتال پر حملہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق ہزاروں مزید بچے غذائی قلت کا شکار، زخمی اور لاپتہ ہیں، سابق وزیر

پیر 18 مارچ 2024 16:34

شیری رحمن کی غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں جنگ بندی کے بجائے خوفناک حملے جاری ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک 13000 سے زائد معصوم بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اپنے بیان میں شیری رحمن نے غزہ میں جاری اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ایک بار پھر الشفا اسپتال پر حملہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق ہزاروں مزید بچے غذائی قلت کا شکار، زخمی اور لاپتہ ہیں۔

شیری رحمان نے کہا ہے کہ غزہ میں لاپتہ بچے ممکنہ طور پر ملبے تلے دب گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 31,645 فلسطینی شہید اور 73,676 زخمی ہو چکے ہیں، دل دہلانے والے اعداد وشمار انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں، اس انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں جسے دنیا 6 ماہ سے نظر انداز کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شیری رحمن نے کہا کہ صورتحال فوری طور پرعالمی توجہ اور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی معمول بن چکی جس پر کسی کو پرواہ نہیں۔

شیری رحمن نے کہا کہ بچوں، شہریوں پر اندھا دھند تشدد انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ عالمی دنیا اس قتل عام کو کب روکے گی اور اسرائیل کو ان مظالم کے لییجوابدہ ٹھہرائے گی ۔