سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن ، انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر

پیر 18 مارچ 2024 17:09

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، یہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات کیا گیا جس کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ان ہلاک دہشتگردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

دہشتگرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے میں ملوث تھا اور دہشتگرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 16 مارچ کو وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں کئی خودکش حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ حملوں کے بعد کیے جانے والے آپریشن میں ایک کیپٹن اور لیفٹیننٹ کرنل شہید ہوئے، اس دوران 6 دہشتگرد مارے گئے تھے ۔