امیدہے صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، نو منتخب وزراء کو مبارکباد۔صدر کاٹی

پیر 18 مارچ 2024 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جوہر قندھاری نے حکومت سندھ کی کابینہ میں وزرا ءکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ ماضی کی طرح تمام انڈسٹریل زونز کیلئے ترقیاتی بجٹ مختص کریں جس طرح ماضی میں کیا تھا۔ صدر کاٹی نے پیر کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صوبائی کابینہ میں سعید غنی، ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن، جام خان شورو سمیت دیگر کاٹی میں صنعتکاروں سے ملاقات کر چکے ہیں اور موجودہ حکومت میں وزرا کو ملنے والی وزارتوں پر کاٹی سمیت کورنگی کے صنعتکاروں کو توقع ہے کہ موجودہ کابینہ ماضی سے زیادہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور عوام خاص طور پر صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی نے صوبائی وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار سے اپیل کی کہ وہ صنعتکاروں کو بلیک میل کرنے کے نئے طریقہ کار کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کریں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے صنعتکاروں کا اعتماد بحال ہو ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صنعتکاروں کا تحفظ یقینی بنانے اور ان کے اثاثوں پر قبضہ کی کوشش کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ وضع کیا جائے، تاکہ دیگر بیرون ملک سے آنے والے صنعتکار خود کو محفوظ سمجھ سکیں۔

جوہر قندھاری نے کہا کہ کاٹی نے جس طرح گزشتہ حکومت میں مشاورت اور تعاون کے عمل کو جاری رکھا تھا اسی طرز پر صوبے اور کورنگی صنعتی علاقے کی ترقی اور بہتری کے لئے موجودہ حکومت کے ساتھ بھی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے کاٹی کے صنعتکار ملک بھر کی ترقی کیلئے غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں کو فنڈ دینے کے مثبت نتائج سامنے آئے جس میں خاص طور پر کورنگی صنعتی علاقے کا انفرااسٹرکچر میں بہتری قابل دید ہے،جبکہ عوام کو بھرپور سہولیات میسر آئی۔ صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت سندھ واٹر بورڈ اور بلدیاتی مسائل پر فوری توجہ دیں گے اور پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔