راولپنڈی پولیس،9مئی مقدمات میں پرویزالٰہی اور مراد سعید کے وارنٹ گرفتاری حاصل

پولیس نے مختلف تھانوں میں دہشتگردی ودیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں دونوں رہنماﺅں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 12:01

راولپنڈی پولیس،9مئی مقدمات میں پرویزالٰہی اور مراد سعید کے وارنٹ گرفتاری ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) راولپنڈی پولیس نے 9مئی سے متعلق مختلف تھانوں میں دہشتگردی ودیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور رہنماءپی ٹی آئی مراد سعید کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے ۔پوٹھوہار ڈویژن کے کینٹ اور سول لائن سرکلز نے رپورٹ ارسال کی ہے جس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی اِنہیں مقدمات یعنی تھانہ کینٹ کے مقدمہ نمبر 836/23 اور تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708/23 میں نامزد ہیں اور ان کے بھی ان مقدمات میں وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیںاسی طرح پی ٹی آئی رہنماءمراد سعید تھانہ کینٹ کے دہشت گردی ایکٹ و دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمہ 836/23 اور تھانہ آر بازار میں اِنہیں جرائم کے تحت درج مقدمہ نمبر 708/23 میں نامزد ہیں جس کے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر اعظم سواتی، اظہر مشوانی اور خرم ذیشان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انکے خلاف سول لائن سرکل کے تھانہ سول لائنز اور تھانہ مورگاہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں اور نہ ہی وہ کسی مقدمے میں نامزد ہیں۔کریمنل ریکارڈ کے حوالے سے بتایا گیا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 981/23 اور تھانہ مورگاہ میں مقدمہ نمبر 397/23 درج ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تھانہ سول لائن میں بھی مقدمہ نمبر 981/23 درج ہے۔

سی پی او آفس راولپنڈی کی جانب سے تھانوں کی سطح سے تمام ریکارڈ چیک کرکے مطلوبہ ریکارڈ و معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلیٰ حکام کی جانب سے راولپنڈی پولیس سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماوٴں سابق وفاقی وزیر مراد سعید، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر اعظم سواتی، اظہر مشوانی خرم ذیشان کے کریمنل ریکارڈ اور اسکے اسٹیٹس کے متعلق دریافت کیا گیا ہے۔