وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کویت کے سفیر کی ملاقات

منگل 19 مارچ 2024 17:40

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کویت کے سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالر مالیت کے 7 معاہدوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے فریقین کی ٹھوس کوششوں پر زور دیا ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سمیت کویتی قیادت کا ان کے دوبارہ انتخاب پر نیک تمناؤں اور مبارکباد پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امیر کویت کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔وزیر اعظم نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2023 میں دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالر مالیت کے سات معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن میں غذائی تحفظ، ٹیکنالوجی، ہائیڈل پاور، کان کنی اور معدنیات، پانی کی فراہمی اور مینگروو کی بحالی سمیت متنوع شعبوں سے متعلق ہے۔

انہوں نے معاہدوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے دونوں طرف سے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔ اس تناظر میں انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے کردار پر زور دیا جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک مضبوط اور موثر طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔کویتی سفیر نے مشکل وقت میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر نے 91۔1990 کے بحران کے دوران کویت کی آزادی اور خودمختاری کے لئے بھرپور عوامی حمایت پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وبائی امراض کے دوران کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے لئے کویت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں ا ن کے کردار کی تعریف کی۔