پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل

منگل 19 مارچ 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،طلال چوہدری سمیت 13 امیدواروں نے دوسرے اور آخری روز کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کروائی۔صوبائی الیکشن کمیشن کے آفس میں تمام امیدوار خود حاضر ہوئے۔پنجاب سے سینیٹ کی 12 نشستوں کے لیے 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ایک امیدوار عرفان ڈاہا نے کاغذات واپس لے لئے۔

جنرل نشست پر وزیر داخلہ محسن نقوی آزاد امیدوار کے طور پر جبکہ ن لیگ سے طلال چوہدری،ناصر بٹ ، میاں نجیب الدین اویسی ،طارق جاوید کے کاغذات کی سکرونٹی کا عمل مکمل ہوا۔اسی طرح سنی اتحاد کونسل سے عمر سرفراز چیمہ، صنم جاوید جبکہ شہزاد وسیم،خواجہ حبیب الرحمان اور آصف عاشق کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی ۔

(جاری ہے)

ایک اقلیتی نشست کے لیے طاہر خلیل سندھونے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کروائی۔

اسی طرح خواتین کی نشست کے لیے ثریا نسیم اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی جبکہ صنم جاوید اور زلفی بخاری کے کاغذات پر اعتراض عائد ہوگئے۔21 مارچ کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف ایپلیٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جبکہ 2 اپریل کو پنجاب اسمبلی لاہور میں پولنگ ہوگی۔