شاداب خان ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی ٹیم کے کپتان مقرر

منگل 19 مارچ 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی منتخب کردہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس ٹیم کا انتخاب ایک پینل نے کیا جس کی سربراہی عثمان واہلہ(ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ)کر رہے تھے اور اس کے آزاد ارکان میں کمنٹیٹر ڈینی موریسن، مارک بوچر، عروج ممتاز اور طارق سعید شامل تھے۔

سلیکشن کے عمل کے دوران آزاد پینل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا، جس میں مستقل مزاجی، ٹیم اور مجموعی کھیل پر اثرات اور بہترین ممکنہ ٹیم کامبی نیشن شامل ہے۔25سالہ شاداب کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تیسرا ٹائٹل جیتا۔

(جاری ہے)

ان کی آل رائونڈ کارکردگی پر انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا، جس میں 12میچوں میں 305رنز اور 14وکٹیں شامل تھیں۔

شاداب کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو کھلاڑی عماد وسیم اور نسیم شاہ نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ عماد وسیم نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور فائنل میں ان کے چار اوورز میں 23رنز کے عوض پانچ وکٹیں ، 17 گیندوں پر ناقابل شکست 19رنز کی بدولت ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کندھے کی انجری سے واپس آنے والے 21سالہ نسیم شاہ یونائیٹڈ کی کامیابی میں ایک اور اہم کردار تھے۔ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے 7.56کی اکانومی ریٹ سے 15وکٹیں حاصل کیں۔ملتان سلطانز جس نے پیر کی رات اپنا چوتھا فائنل(2021-2022، 2023-2024)کھیلا، اس کے پانچ کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں جن میں تین غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔عثمان خان 430رنز، دو سنچریاں دو نصف سنچریاں اسٹرائیک ریٹ 164.12، کرس جارڈن چھ وکٹیں، 8.42اکانومی ریٹ اور ڈیوڈ ولی 15 وکٹیں، 7.46اکانومی ریٹ کے علاوہ دو مقامی کھلاڑی اسامہ میر اور افتخار احمد ہیں۔

اسامہ 12میچوں میں 24وکٹوں کے ساتھ بولنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں اورانکی بہترین بولنگ پرفارمنس ایک میچ میں 40رنز کے عوض 6 وکٹیں ہیں جبکہ افتخار احمد نے ٹورنامنٹ میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 259رنز بنائے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 12ویں کھلاڑی قرار پائے۔کراچی کنگز کے ایمرجنگ کیٹگری کے کھلاڑی عرفان خان بھی شامل ہیں جنہوں نے 140.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے 171 رنز بنائے اور آٹھ کیچ بھی پکڑے۔

پشاور زلمی کی اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور صائم ایوب نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی۔ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بابراعظم 11 میچوں میں 56.9 کی اوسط اور 142.6 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 569 رنز کے ساتھ بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ 22 سالہ صائم نے 11 میچوں میں 157.53 کے اسٹرائیک ریٹ سے 345 رنز بنائے۔

انہوں نے آٹھ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیم میںصائم ایوب(پشاور زلمی345 رنز، دو نصف سنچریاں، آٹھ وکٹیں)،بابر اعظم (پشاور زلمی569 رنز، ایک سنچری پانچ نصف سنچریاں)، وکٹ کیپر عثمان خان (ملتان سلطانز 430 رنز، دو سنچریاں دو نصف سنچریاں،6 کیچز اور ایک اسٹمپ)، کپتان شاداب خان(اسلام آباد یونائیٹڈ305رنز، 3 نصف سنچریاں، اسٹرائیک ریٹ 142.52، 14 وکٹیں)، افتخار احمد(ملتان سلطانز259 رنز ایک نصف سنچری)، عماد وسیم (اسلام آباد یونائیٹڈ126 رنز ایک نصف سنچری اسٹرائیک ریٹ 128.57، 12 وکٹیں)، عرفان خان نیازی(کراچی کنگزایمرجنگ 171 رنز اسٹرائیک ریٹ 140.16، آٹھ کیچز)، کرس جورڈن (ملتان سلطانزچھ وکٹیں)،ڈیوڈ ولی(ملتان سلطانز15 وکٹیں)، اسامہ میر(ملتان سلطانز24 وکٹیں)، نسیم شاہ(اسلام آباد یونائیٹڈ15 وکٹیں )،محمد رضوان(ملتان سلطانز407 رنز، چار نصف سنچریاں ۔

12کیچز)شامل ہیں۔