چینی قونصلیٹ کراچی کا گوادر کے 2000سیلاب متاثرین کیلئے راشن کا عطیہ

جلد اضافی 500000یوآن کی اضافی امداد بھی فراہم کی جائے گی،گوادر پرو

منگل 19 مارچ 2024 22:30

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ کی جانب سے انسانی ہمدردی پر گوادر شہر میں سیلاب سے متاثرہ 2000خاندانوں کیلئے ضروری اشیائے خوردونوش پہنچا دی ہیں۔گوادر پرو کے مطابق راشن میں آٹے کے تھیلے اور کوکنگ آئل شامل ہے۔گوادر پرو کے مطابق بذریعہ سڑک گوادر پہنچنے والی کھیپ کو چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی نے گوادر کی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا ۔

گوادر پرو کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں طوفانی بارش کے بعد، سی او پی ایچ سی نے 1000مقامی خاندانوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ کراچی میں تعینات چینی قونصلر جنرل یانگ یونڈونگ نے ڈی سی گوادر کو لکھے گئے خط میں گوادر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والی غیر معمولی بارش کے پیش نظر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

چین پچھلے کچھ سالوں سے گوادر میں خوراک کا باقاعدہ سپلائر ہے۔گوادر پرو کے مطابق14مارچ کو چینی حکومت نے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کیلئے پاکستان کو 100000 ڈالر کی ہنگامی امداد بھی فراہم کی۔ بلوچستان اور کے پی کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں چینی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ہنگامی امداد کے لیے وزارت خارجہ میں عطیہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ چینی حکومت کی جانب سے سفیر جیانگ زیڈونگ نے 100000ڈالر کی ہنگامی نقد امداد پاکستان کے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کے حوالے کی۔گوادر پرو کے مطابق مستقبل قریب میں کراچی میں چینی قونصلیٹ جنرل کے ذریعی500000یوآن کی اضافی امداد فراہم کی جائے گی۔