پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، ڈونلڈ لو

پاکستانی الیکشن امریکی کانگریس کی خارجہ امورکمیٹی میں پیش کیا جائے گا،بیان

بدھ 20 مارچ 2024 13:55

پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، ڈونلڈ لو
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) امریکا کے معاون وزیر خارجہ ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، ہم پاکستان کے جمہوری انسٹیٹیوشنز کو مضبوط کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان میں انتخابات پر ڈونلڈ لو نے بیان دیا ہے جسے امریکی کانگریس کی خارجہ امورکمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ القاعدہ اور داعش سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان میں مذہبی آزادی، انسانی حقوق کا احترام بڑھانے کیلیے کام کر رہے ہیں۔ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں اقتصادی استحکام کیلیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، امریکا پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا پاکستان کے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے والا اہم ترین انویسٹر ہے۔ امریکا منگلا اور تربیلا ڈیم کی اپ گریڈیشن کیلیے تعاون کر رہا ہے۔ڈونلڈ لو نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات 2024 کا گہرائی سے جائزہ لیا، انتخابات سے قبل تشدد کے واقعات پر خصوصا تشویش رہی، انتخابات سے پہلے پولیس، سیاستدانوں، سیاسی اجتماعات پر دہشتگرد حملے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی صحافیوں خصوصا خواتین صحافیوں کو پارٹی سپورٹرز نے ہراساں کیا، عالمی الیکشن مبصر تنظیم نے کہا انہیں ملک کے تقریبا آدھے حلقوں میں ووٹ گنتی کی آبزرویشن سے روکا گیا۔ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن والے دن موبائل فون ڈیٹا سروس بند کی گئی، موبائل ڈیٹا سروس سے پاکستانی سوشل میڈیا اور میسیج ایپلیکیشنز استعمال کرتے ہیں۔