آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین و اہل خانہ سے ملاقات، درخواستوں پر ریلیف فراہم کرنے کا حکم

بدھ 20 مارچ 2024 14:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بدھ کے روز پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے ہدایات جاری کیں۔فیملی کلیم پر بھرتی مکینک ثقلین علی کی تنخواہ جاری کرنے کی درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سب انسپکٹرز عمیر جاوید، شاہ زیب طارق اور ضیا الحق کی پروموشن درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو کارروائی کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ہیڈ کانسٹیبل محمد قدیر کی غازی قرار دینے کی درخواست ڈی آئی جی ویلفیئر کو کاروائی کیلئے بھجوادی۔ کانسٹیبل علی محمد کے بیٹے سمیت فیملی کلیم پر بھرتیوں کی 3 درخواستوں پر اے آئی جی ایڈمن کو میرٹ پر کاروائی کی ہدایت کی۔سب انسپکٹر ابوذر امجد کی قانونی معاونت فراہم کرنے کی درخواست پر اے آئی جی لیگل کو معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا۔لیڈی ٹرینی سب انسپکٹر کائنات شہزادی کی درخواست ریلیف فراہمی کیلئے سی سی پی او لاہور کو بھجوا دی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے، ترجیحی اقدامات میں تیزی لائی جائے گی۔