شہدا وطن نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ، صاحبزادہ حافظ محمد امجد

بدھ 20 مارچ 2024 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن علما ومشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا ہے کہ شہدا وطن نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے، افواج پاکستان کے جوانوں کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، سیاسی اور عسکری قیادت مل کر ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کو شکست دیں گے، پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں دہشت گردی، انتہا پسندی کو معاشرے میں سر اٹھانے نہیں دیں گے، یہ بات انہوں نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے پیر سید محمد عباس حیدر شاہ، حافظ محمد طیب قاسمی ، علامہ ایوب اعوان، علامہ فضل رسول حیدر، مولانا عمر مکی، ملک ابوبکر،پیر جواد شفیق نقشبندی، پیر نعمان شاہ، مولانا عزیز الرحمن عابد ودیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ افواج پاکستان کی محبت کو دلوں سے نکالنے کی کوشش کرنے والے بھی اسی سزا کے مستحق ہیں جو دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہیں ، نوجوان نسل کے ذہنوں کو متنفر کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر گامزن ہیں ، پاکستانی عوام افواج پاکستان کیخلاف منفی پروپیگنڈہ اور مہم چلانے والوں کو قانونی کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات کی آگاہی سے دہشت گردوں کے باطل نظریات کو شکست دی جاسکتی ہے ، نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، اسلام اور ملک دشمن قوتوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ہماری نوجوان نسل کو ہدف بنارکھا ہے ، ہماری دینی، آئینی اور قومی ذمہ داری بنتی ہے نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کریں۔

۔۔۔۔اعجاز خان