امیربالاج قتل کیس ، اہم ملزم ملک سہیل کوپولیس نے حراست میں لے لیا

ملک سہیل نے احسن شاہ کی ملاقات طیفی بٹ سے کرائی تھی،تفتیشی ذرائع کا انکشاف

بدھ 20 مارچ 2024 22:32

امیربالاج قتل کیس ، اہم ملزم ملک سہیل کوپولیس نے حراست میں لے لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج قتل کیس میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی جانب سے اہم ملزم ملک سہیل کو حراست میں لے لیا گیا، ملک سہیل نے احسن شاہ کی ملاقات طیفی بٹ سے کرائی تھی،تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ احسن شاہ اپنا چہرہ چادر سے ڈھانپ کر ملاقات پرگیاتھا۔ ملک سہیل نے احسن شاہ کی طیفی بٹ سے پہلی ملاقات جنوری میں کرائی تھی۔

ملک سہیل احسن شاہ کو کلمہ چوک سے طیفی بٹ کے گھر اپنی کارمیں لے کرگیا۔ احسن شاہ نے ملاقات پر جاتے ہوئے اپنا موبائل فون بند کردیا تھا۔ طیفی بٹ کی احسن شاہ سے 7 سے 8 ملاقاتیں ہوئیں۔ طیفی بٹ سے 4 سے 5 ملاقاتوں میں ملک سہیل احسن شاہ کے ساتھ تھا۔یاد رہے کہ 2روز قبل لاہور کی جوڈیشل عدالت نے امیر بالاج قتل کیس میں گرفتار ملزم احسن شاہ کا جسمانی ریمانڈ منظورکیا تھا،عدالت نے ملزم احسن شاہ کو 23مارچ تک پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

سی آئی اے پولیس نے ملزم احسن شاہ کوجوڈیشل مجسٹریٹ صدف بتول کی عدالت میں پیش کیاتھا،پولیس کی جانب سے استدعاکی گئی تھی کہ ملزم احسن شاہ سے مزیدتفتیش درکارہے،عدالت نے پولیس کی استدعامنظورکرتے ہوئے ملزم احسن شاہ کو 23مارچ تک پولیس کی تحویل میں دیدیاتھا۔سی آئی اے پولیس نے گزشتہ روز احسن شاہ کی امیربالاج قتل کیس میںباقاعدہ گرفتاری ڈالی تھی،ملزم احسن شاہ کو جوڈیشل عدالت میں پیش کیاگیاتھا۔

ملزم احسن شاہ مقتول امیر بالاج کا قریبی دوست تھا۔ملزم احسن شاہ پر مقدمہ میں نامزد ملزموں کے ساتھ رابطوں کا الزام ہے۔نامزد ملزم احسن شاہ نے مبینہ طور پر مخبری کیلئے دیگر ملزموں سے رقم وصول کی تھی۔ قبل ازیں پولیس نے امیر بالاج کو قتل کرنے والی ٹیم کے سرغنہ کی شناخت کرلی تھی۔انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق بلاول قتل کے اگلے روز ہی سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی فرار ہوگیا تھا، بلاول نے شادی میں شرکت کیلئے کرائے کی گاڑی لی تھی۔پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ڈرائیور نعمان کو حراست میں لے لیا تھااو ر ملزم بلاول کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔