Live Updates

نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب حکومت اجلاس کیس عدالت نے متعلقہ سرکاری دستاویزات طلب کرلیں

اجلاس سے متعلق آپ کوئی سرکاری دستاویزات پیش کریں، پریس ریلیز میں کسی کے دستخط نہیں ہیں،عدالت کے ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 11:06

نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب حکومت اجلاس کیس عدالت نے متعلقہ سرکاری ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کا اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت کرنے کیخلاف دائر درخواست پر درخواست گزار کے وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب کرلیں،جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف اور مریم نواز نے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی، نواز شریف کے پاس کوئی عوامی یا انتظامی عہدہ نہیں ہے اس لئے عدالت نواز شریف کو انتظامی سطح پر اجلاس کی صدارت سے روکے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اجلاس سے متعلق آپ کوئی سرکاری دستاویزات پیش کریں، پریس ریلیز میں کسی کے دستخط نہیں ہیں، آپ سرکاری دستاویزات پیش کریں جس پر وکیل درخواستگزار نے سرکاری دستاویزات پیش کرنے کیلئے مہلت مانگ لی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرلی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پنچاب حکومت کے انتظامی اجلاس کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میںچیلنج کیا گیاتھا،عدالت میں درخواست ندیم سرور ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھاکہ نواز شریف نہ تو وزیر ہیں اور نہ وزیراعلیٰ ہیں، نواز شریف کے پاس کوئی انتظامی عہدہ نہیں، قائد مسلم لیگ ن انتظامی سطح پر کسی اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے۔درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت نواز شریف کو انتظامی سطح پر اجلاس کی صدارت کرنے سے روکا جائے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے دو روز قبل حکومتِ پنجاب کے 3 انتظامی اجلاسوں کی صدارت کی تھی۔وزیراعلیٰ آفس میں ان اجلاسوں کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازبھی اپنے والد کے ہمراہ موجود تھیں۔اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری ہینڈ آوٴٹ میں بتایا گیا تھا کہ نواز شریف نے وزرا اور عہدیداروں کو انفرااسٹرکچر کے مختلف منصوبوں بشمول زیر زمین ٹرین اور میٹرو بس، کسانوں کی فلاح و بہبود، طلبہ کیلئے الیکٹرک بائیکس اور رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے ہدایات جاری کیں تھیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات