ضمنی انتخابات: این اے 207 سے آصفہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی منظور

جمعرات 21 مارچ 2024 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) ضمنی انتخابات میں این اے 207 نوابشاہ سے نو منتخب صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آصفہ بھٹو کی جانب سے ممتاز قانون دان فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔یاد رہے کہ 17 مارچ کو صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے ضمنی انتخابات کے لیے این اے 207 پر اپنے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروادیے تھے۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ کر نامزدگی فارم جمع کرائے، اس موقع پر سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور دیگر پارٹی رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔یاد رہے کہ این اے 207 سے عام انتخابات میں صدر مملکت آصف علی زرداری کامیاب ہوئے تھے، آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔9 مارچ کو آصف زرداری دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہوئے تھے،آصف علی زرداری کو چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 156 الیکٹورل ووٹ ملے، محمود خان اچکزئی نے چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 62 ووٹ حاصل کیے۔حکمران اتحاد کے مشترکہ امیدوار آصف زرداری نے پارلیمنٹ سے 255 ووٹ حاصل کیے جب کہ محمود خان اچکزئی کو پارلیمنٹ ہاؤس سے 119 الیکٹورل ووٹ ملے۔#