دیا مر بھاشا، مہمند، داسو سمیت واپڈا کے 8بڑے منصوبے 2029تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے،چیئرمین واپڈا

جمعرات 21 مارچ 2024 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے پانی کے عالمی دِن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی زندگی ہے، یہ نہ صرف کرہ ارض پر زندگی کی بقا بلکہ انسانی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔خوش قسمتی سے اللہ تبارک تعالیٰ نے پاکستان کو وافر آبی وسائل سے نوازا ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے آبی وسائل کو ملک اور لوگوں کی ترقی کے لئے کیسے مؤثر طور پر بروئے کار لاتے ہیں۔

جمعرات کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 1958 میں اپنے قیام سے ہی واپڈا آبی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر ر ہا ہے۔ واپڈا پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے پُر عزم ہے۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ واپڈا آٹھ بڑے منصوبوں پر مشتمل ایک بہت بڑے ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اِن منصوبوں کی تکمیل پر وافر پانی میسر آئے گا اور سستی پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبے مکمل ہونے پر پاکستان کے معاشی اور معاشرتی منظر نامہ میں ایک انقلاب برپا ہوگا۔ چیئرمین نے کہا کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں میں دیا مر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کرم تنگی ڈیم سٹیج ون، نائے گاج ڈیم، کچھی کینال کی توسیع اور کے فور پراجیکٹ شامل ہیں، یہ منصوبے 2024سے 2029 تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے۔

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ اِن منصوبوں کے ذریعے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 9.7ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا،3.9 ملین ایکڑ مزید اراضی سیرا ب ہوگی جبکہ کراچی اور پشاور کو پینے کے لئے95کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم ہوگا۔ لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے کہا کہ اِن منصوبوں کی بدولت اگلے چار سے پانچ سال کے دوران واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بھی دو گنا ہو جائے گی اور یہ 10ہزار میگاواٹ اضافہ کے ساتھ 9500میگاواٹ سے بڑھ کر 19500 میگاواٹ ہوجائے گی۔