پانی زندگی کی بقا اور انسانی ترقی کے لئے ناگزیر ہے‘لیفٹیننٹ جنرل (ر ) سجاد غنی

واپڈا آبی وسائل کے فروغ سے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے‘ چیئرمین واپڈا کاپانی کے عالمی دِن پر پیغام دیا مر بھاشا، مہمند، داسو سمیت واپڈا کے 8بڑے منصوبے 2024 سے 2029تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے واپڈا منصوبوں کی تکمیل سے 9.7 ملین ایکڑ فٹ مزید پانی ذخیرہ ہوگا، 3.9 ملین ایکڑ مزید اراضی سیراب ہوگی

جمعرات 21 مارچ 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ ) سجاد غنی نے پانی کے عالمی دِن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی زندگی ہے۔ یہ نہ صرف کرہ ارض پر زندگی کی بقا بلکہ انسانی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔خوش قسمتی سے اللہ تبارک تعالی نے پاکستان کو وافر آبی وسائل سے نوازا ہے۔ اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے آبی وسائل کو ملک اور لوگوں کی ترقی کے لئے کیسے مثر طور پر بروئے کار لاتے ہیں۔

1958میں اپنے قیام سے ہی واپڈا آبی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر ر ہا ہے۔ واپڈا پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے پر عزم ہے۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ واپڈا آٹھ بڑے منصوبوں پر مشتمل ایک بہت بڑے ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اِن منصوبوں کی تکمیل پر وافر پانی میسر آئے گا اور سستی پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔

ہمیں یقین ہے کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبے مکمل ہونے پر پاکستان کے معاشی اور معاشرتی منظر نامہ میں ایک انقلاب برپا ہوگا۔ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں میں دیا مر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کرم تنگی ڈیم سٹیج۔ون، نائے گاج ڈیم، کچھی کینال کی توسیع اور کے فور پراجیکٹ شامل ہیں۔ یہ منصوبے 2024سے 2029 تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے۔

اِن منصوبوں کے ذریعے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 9.7ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا،3.9 ملین ایکڑ مزید اراضی سیرا ب ہوگی جبکہ کراچی اور پشاور کو پینے کے لئی95کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم ہوگا۔ اِن منصوبوں کی بدولت اگلے چار سے پانچ سال کے دوران واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بھی دو گنا ہو جائے گی اور یہ 10ہزار میگاواٹ اضافہ کے ساتھ 9500میگاواٹ سے بڑھ کر 19500 میگاواٹ ہوجائے گی۔