Live Updates

آخری وارننگ دے رہا ہوں کہ وفاق اور پنجاب حکومت باز آجائیں

نواز شریف اور آصف زرداری کی گرفتاری کیلئے بھی پولیس بھیج سکتے ہیں، ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ، وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا چیلنج

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مارچ 2024 20:35

آخری وارننگ دے رہا ہوں کہ وفاق اور پنجاب حکومت باز آجائیں
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مارچ 2024ء) وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ نے وفاق اور پنجاب کی حکومتوں کو چیلنج کیا ہے کہ ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے خلاف سخت ردعمل دیا ہے۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ آخری وارننگ دے رہا ہوں کہ وفاق اور پنجاب حکومت باز آجائیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے تو پھر دیکھتا ہوں کہ یہ کیسے حکومت چلا سکیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ مریم نواز مینڈیٹ چوری کرکے وزیراعلیٰ بنی ہیں۔ ان کی حکومت جعلی حکومت ہے۔ نہ ان کے پاس عوام کی طاقت ہے نہ عوام کا ووٹ ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز اپنی حد میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ایف آئی آرز میرے اور ہمارے کارکنوں کے خلاف کاٹی گئی ہیں وہ 99 فیصد جھوٹی ہیں۔ ہمارے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ اب تک لوگ جیلوں میں ہیں۔ ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ۔ میرے صوبے کے لوگ اپنا اور اپنے وزیراعلیٰ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ آئیں اور آ کر مجھے گرفتار کریں تاکہ پتا چلے کہ ان میں کتنا زور اور کتنا دم ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے باپ نواز شریف اورآصف زرداری کیخلاف ڈی آئی خان میں غداری کے مقدمات درج ہیں۔ ان کے وارنٹ جاری کرواکے گرفتاری کیلئے پولیس بھجوا سکتے ہیں۔ یہ لوگ بین الصوبائی معاملات میں صوبوں کو لڑانا چاہتے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آخری وارننگ دے رہا ہوں پنجاب اور وفاق کی حکومت کو اپنی حرکتوں سے باز آجائیں۔ اگرباز نہیں آئیں گے تو ہم پھر انہیں دکھائیں گے کہ یہ حکومت کیسے کرتے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات