سندھ ہائی کورٹ نے کٹری پائپ لائن سے نجی فیکٹریوں کو پانی کے کنکشن دینے کے خلاف درخواست پر غیر ضروری کنکشن دینے سے روک دیا

جمعہ 22 مارچ 2024 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے کٹری پائپ لائن سے نجی فیکٹریوں کو پانی کے کنکشن دینے کے خلاف درخواست پر غیر ضروری کنکشن دینے سے روک دیا۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں کٹری پائپ لائن سے نجی فیکٹریوں کو پانی کے کنکشن دینے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کٹری پائپ لائن وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے جس کا مقصد شہریوں کے لیے پانی کے مسائل کو کم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کٹری پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشن دے رہی ہے۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے غیر قانونی طور پر کنکشن فیکٹریز کو دیئے ہیں۔ شہر میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے۔ پانی حب ڈیم کے ذریعے کلری جھیل میں داخل ہوتا ہے۔ 6 فیکٹریوں اور 27 سائٹ میں غیر قانونی کنکشن دیئے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کٹری پائپ لائن جس مقصد کے لیے بنائی گئی ہے اگر اس سے ہٹ کر کسی کو کنکشن نا دیا جائے۔ اگر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوئی تو افسران کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے غیر ضروری کنکشن دینے سے روک دیا۔