خوشحالی آئین کی بالادستی میں ہی:قاضی زاہد حسین

23مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے پاکستان کو مسائلستان بنانے والوں کا احتساب بھی ہونا چاہئی:صدر پاکستان عومی تحریک

جمعہ 22 مارچ 2024 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قرارداد پاکستان کی تکمیل کا خواب 100فی صد آئین پاکستان پر عمل درآمد سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔آزادی کے حقیقی ثمرات کیلئے قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے۔آزادی کے 75سال گزر جانے کے بعد بھی کروڑوں بچے سکول نہیں جاتے،کروڑوں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر نہیں اور کروڑوں نوجوان بیروزگار ہیں۔

پاکستان کو مسائلستان بنانے والوں کا احتساب بھی ہونا چاہئے۔23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عظیم ترین دن ہے۔23مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ مفاد پرست سیاستدانوں نے قومی مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے 7دہائیوں میں ہمیشہ ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کرپشن،بدعنوانی کے خاتمے اور اخلاقی معیار کو بلند کرنے کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہمارے بزرگوں نے 23مارچ 1940کو کیا تھا ۔

قرارداد پاکستان کی روشنی میں جو ملک قائم ہوا اس کا آئین ہمیں جو کچھ بتاتا ہے وہی 23مارچ کا پیغام ہے۔قاضی زاہد حسین نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 3کہتا ہے کہ پاکستان میں استحصال کے تمام دروازے بند کر کے ہر کسی سے اس کی قابلیت اور اہلیت کے مطابق کام لیا جائے گا ،اس پر عمل اس مملکت خداداد میں کہیں نظر نہیں آ رہا۔آئین کا آرٹیکل 4ہر شہری کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے لیکن یہ قانونی تحفظ اس ملک میں عام شہری کو میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو آئین سے روشناس کرایا جانا ضروری ہے۔نئی نسل کو یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان کیوں بنا اور کیوں اتنی قربانیاں دی گئیں۔ملک کو بچانے اور چلانے کیلئے یہ نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنا نظریہ محفوظ رکھتی ہیں وہی قومیں حالات سے لڑتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ 23مارچ کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بانی پاکستان نے اس ریاست کے بارے میں جو عظیم تصور دیا تھا اس تصور سے ہمیں انحراف نہیں کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی نظر کرنا ہو گی۔ہمیں سمجھنا ہو گا کہ آئین و قانون کی بالادستی میں ہی ترقی و خوشحالی کا راز پوشیدہ ہے۔حضرت علامہ اقبال ؒ اور قائد اعظم ؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کا عہد کرنا ہو گا،یہی 23مارچ 1940کا پیغام ہے۔