وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات پراجلاس

جمعہ 22 مارچ 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترجیحی بنیادوں پر ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی معاونت حاصل کی جائے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات پراجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں آئی ٹی شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے شرکت کی اور تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کلیدی کردار ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی معیشت کی ترقی کی موجود وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے،نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ علم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے جس میں عام آدمی کی انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ وارانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیرِاعظم نے ترجیحی بنیادوں پر ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد جہانزیب، احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاءاللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، رانا مشہود خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔