میٹرو پولیٹن کار پوریشن کی جانب سے اسلام آباد میں پانی اور پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشہ اضا فے کو مسترد کر تے ہیں، میاں محمد اسلم

ایم سی آئی اپنے اللوں تللوں کیلئے عوام کی جیبیں کاٹ رہی ہے جو کہ عوام کو کسی بھی صورت قبول نہیں ہے،یڈمنسٹریٹر ز اور بیورو کر یٹس کو یہ اختیار نہیں کہ وہ بند کمروں میں فیصلہ کر کے عوام پر ٹیکس لگائیں،جی الیون کے دورے کے مو قع پر شہریوں کے وفود سے گفتگو

جمعہ 22 مارچ 2024 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے میٹرو پولیٹن کار پوریشن کی جانب سے اسلام آباد میں پانی اور پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشہ اضا فے کو مسترد کر تے ہو ئے اسے غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کے شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اسلام آباد میں پراپرٹی اور پانی پر ظالمانہ ٹیکس کو یکسر مسترد کر دیا ہے،عوام پر کسی بھی قسم کا ٹیکس عوام کی منتخب نمائندے عوام کی مشاورت سے ہی لگا سکتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر ز اور بیورو کر یٹس کو یہ اختیار نہیں کہ وہ بند کمروں میں فیصلہ کر کے عوام پر ٹیکس لگائیں۔

میاں محمد اسلم نے کہاکہ اسلام آباد کی عوام نے اس حوالے سے 27,28نو مبر کی ڈرامہ سماعت کو بھی مسترد کر دیا تھا ، شہری پہلے ہی ہر چیز پر اپنی بساط سے بڑھ کر ٹیکس ادا کر رہے ہیں، ایم سی آئی ظالم نہ بنے اور اسلام آباد کے شہریوں کو جینے دے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی الیون کے دورے کے مو قع پر شہریوں کے وفود سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہاکہ ایم سی آئی اپنے اللوں تللوں کے لیے عوام کی جیبیں کاٹ رہی ہے جو کہ عوام کو کسی بھی صورت قبول نہیں ہے ، اسلام آباد کے شہری ہر طر ح کی بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہیں، شہریوں کے گھروں میں ہفتوں بعد چند گھنٹوں کے لیے پانی آتا ہے، مگر ان کے گھروں میں بھاری پانی کے بل آرہے ہیں ،اُوپر سے ظالمانہ ٹیکسز کا نفاز کر دیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ منتخب عوامی اسمبلی کے قیام کے بغیر کوئی ایڈمنسٹریٹر اور بیوروکریٹ اس قسم کو کوئی ٹیکس نہیں لگا سکتا، اس قسم کے ٹیکس لگا نے کا اختیار بلدیاتی نمائندوں کی منتخب اسمبلی کو ہے، اگرایم سی آئی اس قسم کا کو ئی فیصلہ کرنا چاہتی ہے تو وہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروائے۔