پی آئی اے کی نجکاری پر کام شروع،ودہولڈنگ کمپنی کے قیام کا گزیٹ نوٹیفکیشن جاری

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہونے کی امید ظاہر کی بریفنگ میں نجکاری کے عمل میں درپیش مسائل،کمرشل بینکوں کیساتھ قرض کی دوبارہ پروفائلنگ، چند ماہ کے کیش فلو پلان اور کمپنی کیلئے ذمہ داریوں کی منتقلی پر تبادلہ خیال

جمعہ 22 مارچ 2024 21:50

پی آئی اے کی نجکاری پر کام شروع،ودہولڈنگ کمپنی کے قیام کا گزیٹ نوٹیفکیشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری پر کام شروع کردیا اور پی آئی اے کو خسارے کے بوجھ سے نکالنے کیلئے ودہولڈنگ کمپنی کے قیام کا گزیٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت ہوابازی میں وزیر دفاع اور ہوابازی خواجہ آصف اور وزیر نجکاری عبد العلیم خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں ہوابازی، نجکاری اور خزانہ ڈویژن کے سیکرٹریز نے شرکت کی اور قومی ایئرلائن کی نجکاری سے متعلق امور پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل دیکھنے کیلئے ہائر کنسلٹنٹ مالیاتی مشیر ارنسٹ اینڈ ینگ نے اجلاس میں بریفنگ دی اور قومی ائیر لائن کے اثاثوں اور واجبات پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران نجکاری کے عمل میں درپیش مسائل، کمرشل بینکوں کے ساتھ قرض کی دوبارہ پروفائلنگ، چند ماہ کے کیش فلو پلان اور کمپنی کیلئے ذمہ داریوں کی منتقلی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے رواں سال مئی کے وسط میں یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کلیئر نس کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی ممکنہ کلئیرنس بولی دہندگان کیلئے مزید قیمتی اور پرکشش بنا دے گی۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر جلد ہی برطانیہ کیلئے پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

اجلاس میں شریک وفاقی وزیر برائے نجکاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالعلیم خان نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کاروبار میں بروقت فیصلے بڑی کامیابی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔دوسری جانب وزارت ہوابازی نے حکومت کی منظوری کے بعد پی آئی کی ودہولڈنگ کمپنی کے قیام کاگزیٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔پی ائی اے ذرائع کے مطابق ودہولڈنگ کمپنی کے قیام کے گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد ایس ای سی پی میں پی آئی اے ودہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے نام سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی جائیگی۔