وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کی ملاقات،دیرینہ دوستی اور تعاون کوسراہا

جمعہ 22 مارچ 2024 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت سلطان بن عبدالرحمان المرشد، چیف ایگزیکٹو آفیسر کر رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کا خیر مقدم کیا،ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا گیا، صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں ایس ایف ڈی کے تعاون کی کوششوں کو سراہا گیا۔

سی ای او سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے قومی سول ایوارڈ ہلال قائداعظم سے نوازنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی تعمیر کیلئے 107ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ ان منصوبوں سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ قدرتی ماحولیات کا تحفظ ممکن بن سکے گا۔

سی ای او، ایس ایف ڈی نے جاری منصوبوں کی تفصیلات سے وزیر اعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔وزیر اعظم کو مہمند ہائیڈرو پاور، گولن گول، مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے ایس ایف ڈی کی ان منصوبوں میں تعاون اور فنڈنگ کو سراہا۔ وزیراعظم نے گرین انرجی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں نئے منصوبوں کی پراسیسنگ کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سی ای او، ایس ایف ڈی نے مشترکہ منصوبوں کی پراسیسنگ کو تیز کروانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، شاہی خاندان کی قیادت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔