Live Updates

’مبیّنہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جانی چاہیئے‘

پاکستان تحریک انصاف کی چوہدری پرویزالہٰی کو جیل میں پیش آنے والے حادثے کی شدید مذمت

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 14:17

’مبیّنہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جانی چاہیئے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو قید کے دوران جیل میں پیش آنے والے حادثے کی شدید مذمت کردی۔ اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں قید میں رکھنے کا اس کے علاوہ کوئی جواز نہیں کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کے حقیقی آزادی کے ایجنڈے پر پوری ثابت قدمی سے کھڑے اور ظلم و لاقانونیت کے سامنے جھکنے پر ہرگز آمادہ نہیں، اس مبیّنہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جانی چاہئے اور جیل انتظامیہ میں سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ان کے خلاف قائم جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، پاکستان تحریک انصاف ان کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

ادھر جیل میں گرنے سے زخمی ہونے کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نے میڈیکل رپورٹ انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں جمع کروائی، جس سے معلوم ہوا ہے کہ واش روم میں گرنے سے چوہدری پرویز الہٰی کی چار پسلیاں فریکچر ہوئیں، سلیوں میں فریکچر ایکسرے رپورٹ میں سامنے آیا،پرویز الہٰی کو ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا، کیوں کہ سابق وزیراعلیٰ کے گرنے سے ان کے سر پر بائیں طرف نیل کا چوٹ کا نشان موجود ہے، واش روم میں گرنے سے پرویز الہٰی کے ماتھے پر بھی چوٹ آئی ہے۔

Parvez Elahi Medical Report
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر کو بائیں آنکھ کے قریب بھی واش روم میں گرنے سے چوٹ آئی، پرویز الہٰی کے بائیں بازو پر بھی چوٹ لگی، ان کی چھاتی کا دائیاں حصہ سوجا ہوا ہے، پرویز الہٰی کا بائیاں گھٹنا بھی واش روم میں گرنے سے زخمی ہوا۔ میڈیکل رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ایکسرے جیل میں لیے گئے، پرویز الہٰی کا چیک اپ پمز اسلام آباد اور بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے سینئر ڈاکٹرز نے کیا، سینیر ڈاکٹرز کی ٹیم میں جنرل سرجن، ماہر کارڈیولوجسٹ اور آرتھوپیڈک شامل تھے، ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹ میں پرویز الہٰی کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات