بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپائے 50 ہزار سعودی ریال کی سمگلنگ ناکام

کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے کرنسی ضبط کرلی گئی اور مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔ ایڈیشنل کلکٹرکسٹمز

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 17:07

بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپائے 50 ہزار سعودی ریال کی سمگلنگ ناکام
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی ایئرپورٹ پر بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپائے 50 ہزار سعودی ریال کی سمگلنگ ناکام بنادی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے جناح انٹرنیشنل ڈپارچرلاؤنج پر کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیرملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، اس حوالے سے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز محمد فیصل نے بتایا کہ ڈپارچر لاؤنج پر تعینات عملے نے شک کی بنیاد دبئی جانے والے ایک مسافر کے سامان کی جانچ پڑتال کی تو اس کے سامان سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ اسد احمد نامی مسافر پرواز ای ای 603 سے دبئی جارہا تھا، مسافر نے سعودی ریال اپنے بیگ میں چھپائے ہوئے تھے کیوں کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کو 5 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیرملکی کرنسی لے جانے کی اجازت ہے لیکن مسافر نے مقررہ حد سے دوگنا زائد 37 لاکھ پاکستانی روپے مالیت کے سعودی ریال اپنے ہمراہ لے کر جانے کی کوشش کی، جس پر حکام نے کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے برآمدہ کرنسی ضبط کرلی اور اس سلسلے میں مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانے والے مسافرسے 2 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی، مسافر اسماعیل خان نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے پیندے اور آہنی فریم میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی، تاہم ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرلی اور سمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنادیا گیا، جس کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔